ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / شیوکمار کو نشانہ بنانا مرکزکی نچھلی سیاست :پرمیشور

شیوکمار کو نشانہ بنانا مرکزکی نچھلی سیاست :پرمیشور

Fri, 04 Aug 2017 01:47:16    S.O. News Service

بنگلورو:3 /اگست(ایس  او نیوز)  کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار کے ٹھکانوں پر محکمۂ انکم ٹیکس کے چھاپوں کو سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دیا اور کہاکہ ان چھاپوں کے ذریعہ مرکزی حکومت کی نیچ حرکت عوام پر ظاہر ہوچکی ہے۔ آج کے پی سی سی دفتر میں سابق مرکزی وزیر وی دھننجے کمارکا کانگریس پارٹی میں شامل ہونے پر خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ 2018کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ڈی کے شیوکمار کو انتخابی مہم کمیٹی کا چیرمین مقرر کیاہے اور انہیں یقین ہے کہ ڈی کے شیوکمار اپنی تنظیمی صلاحیتوں کی بنیاد پر بی جے پی کو کانگریس کی سیاسی طاقت کا مزہ ضرور چکھائیں گے، اسی خوف سے مرکزی حکومت ڈی کے شیوکمار کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہے، لیکن کانگریس اس کے آگے جھکنے والی ہے اور نہ ہی شیوکمار اتنے کمزور ہیں کہ اس طرح کے حملوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مقاصد کے تحت مرکزی حکومت نے اگر کانگریس کے قائدین ، وزراء اور اراکین اسمبلی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو اس کا سنگین نتیجہ بی جے پی کو ہی بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ شیوکمار کئی کمپنیاں چلاتے ہیں اور ان کے ذریعہ کروڑوں کی تجارت ہوتی ہے، اس میں اگر کوئی بے قاعدگی ہوئی ہے تو محکمۂ انکم ٹیکس اس کا جائزہ لے سکتا ہے ، اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہے، لیکن سیاسی مقاصد کوسامنے رکھ کر اگر شیوکمار کو نشانہ بنایا جارہا ہے تو یہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ گجرات سے جو کانگریس اراکین اسمبلی بنگلور آئے ہوئے ہیں ان کی دیکھ بھال کرنا کانگریس کی ذمہ داری ہے، یہ ہماری پارٹی کے اراکین اسمبلی ہیں ، ان کی حفاظت کیلئے پوری پارٹی مستعد ہے، انہوں نے کہاکہ خود انہوں نے دنیش گنڈو راؤ کے ہمراہ ریسارٹ پہنچ کر ان اراکین اسمبلی کو دلاسہ دیا ہے۔ اس موقع پر بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے والے دھننجے کمار نے وزیر اعظم مودی اور امیت شا کے ڈکٹیٹرانہ رویہ کی مذمت کی اور کہاکہ آنے والے دنوں میں ملک کے عوام ان دونوں کو ضرور سبق سکھائیں گے۔ 


Share: